Monday, July 22, 2013

روزہ کے معاشرتی فوائد

 



السلام علیکم



پیارے بہنوں اور بھائیوں : دین اسلام کے ہر حکم میں انسان کے لئےدنیاو آخرت کی سعادت مندی اور کئی فوائد مضمر ہوتے ہیں۔ روزہ میں بھی جہاں اخروی لحاظ سے باعث اجر و ثواب ہے وہیں من جملہ فوائد کے روزہ طبی، معاشرتی و اجتماعی طور سے بھی فائدہ مند ہے جیسےجب معاشرے کے مالدار افراد روزہ رہ کر بھوک پیاس کی سختی کو برداشت کریں گے تو انہیں بھوک وپیاس کی شدت کا احساس ہوگا۔اس طرح وہ محتاج و تنگ د ست افراد کی ضرورت کو سمجھ سکیں گے اور ان کی طرف دستِ تعاون دراز کریں گے۔اس طرح معاشرہ اخوت وبھائی چارگی کا گہوارہ بن جائے گا۔اس لئے رمضان کو صبر اور غم خواری کا مہینہ بھی کہتے ہیں


سحر و افطار میں اوقات کی پابندی پر اگر غور کیا جائے تو احساس ہوگا کہ روزہ نظم وضبط کی تربیت کے لئےبھی ہے ۔ یہاں انسان اپنی مرضی نہیں چلا سکتے سحری کے لئے جو وقت متعین ہے انہیں اسی وقت میں سحری کا اہتمام کرنا ہے اور جو وقت افطار کے لئے خاص ہے اسی وقت روزہ افطار کرنا ہے۔اگر کسی نے جان بوجھ کر ذرا سی بھی تاخیر اور عجلت کا مظاہرہ کیا تو پھر ان کاروزہ رائیگاں ہونے کا خوف ہوگا۔آج کل دیکھا گیا ہے کے شادی بیاہ ہو کہ دعوتیں یا کسی سےملنے کا وعدہ اکثراوقات انتظار کی کوفت اٹھانی پڑتی ہےہمیں وقت کی قدر نہیں رہی ہمیں اوقات کی پابندی کی سخت ضرورت ہےہمیں آج کی خوشیوں کو اگر آنے والے کل کی مسرتوں میں بدلنا ہے تو وقت کو اپنی مٹھی میں قید کرنے کا ہنر سیکھناہی ہوگا کہتے ہیں وقت کبھی نہیں رکتا اور جو لوگ وقت کے قدم سے قدم ملا کر نہیں چلتے وہ زندگی کے راستے میں پیچھے رہ جاتے ہیں وقت ضائع کئے بغیر عمل کے میدان میں سرتا پاجستجو بننا ہوگا تب ہی ہم ایک کامیاب انسان بن سکتے ہیں


سدا عیش دوراں دکھاتا نہیں
گیا وقت پھر ہاتھ آتا نہیں


اللہ ہمیں اس رمضان میں دنیاو آخرت کے فوائد کا مستحق فرمائے۔ سب مطالعہ کرنے والوں کی مشکور ہوں

Wednesday, July 10, 2013

روزہ خواہشات نفسانی کو روکنے کا موثر ذریعہ

 
 
السلام علیکم
 
 اسلام کے دیگر بنیادی ارکان میں سے ایک اہم رکن روزہ ہے۔
رسول اللہؐ نے روزہ کو ڈھال قرار دیا ہے۔ گویا ایک بندہ مومن روزہ کے ذریعہ خود کو وساوس شیطانی سے محفوظ رکھتا ہے۔ جیسا کہ ایک مجاہد میدان کارزار میں مدمخالف کے حملوں سے ڈھال کے ذریعہ اپنی جان کی حفاظت کرتا ہے اسی طرح روزہ خواہشات نفسیانی کو توڑنے اور کچلنے کا موثر ذریعہ ہے۔ روزہ جس طرح انسان کو گناہوں سے بچاتا ہے بعینہ جسمانی بیماریوں سے بھی بچاتا ہے اور روزہ فاسد مادہ کو ختم کرتا ہے۔
 
رسول اللہؐ نے فرمایا کہ روزہ رکھا کرو‘ تندرست رہو گے۔ دیگر عبادتوں کا ثواب دس سے لے کر 700 گنا تک بڑھ جاتا ہے لیکن روزہ ایسا عمل ہے جس کے متعلق اللہ رب العزت نے فرمایا کہ یہ میرے لئے ہے اور میں ہی اس کا بدلہ ہوں۔
 
روزوں کی وجہ سے انسان کے اندر فرشتوں سے مشابہت پیدا ہوتی ہے جس کی بناپر ہر مخلوق کے دل میں روزہ دار کے لئے محبت پیدا ہوجاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مچھلیاں پانی میں‘ چیونٹیاں اپنے بلوں میں‘ روزہ دار کے لئے دعا کرتے ہیں۔ روزہ سے صبر و تحمل کا عظیم درس ملتا ہے۔ خصوصاً داعیان اسلام کے لئے یہ پیغام پنہا ہے کہ دیگر موقعوں پر جہاں اس کے ساتھ نادر سلوک کیا جائے‘ دین کی راہ میں مشقت و آزمائش سے گذرنا پڑے ہم مسلمانوں کو چاہئے کہ  بڑے ہی حوصلہ‘ عزم و استقلال کے ساتھ صبر و استقامت کے دامن کو تھام کر عفو و در گذر اور اخلاق حسنہ کا بھر پور مظاہرہ کرنا چاہئے۔ 
 
 
 
اعتماد اخبار
 
 
 

Monday, July 08, 2013

ماہِ رمضان مبارک

 
 
 
السلام علیکم
میرے معزیز بھائیوں اور پیاری بہنوں


۔آپ سب کو رمضان المبارک بہت بہت مبارک ہو ۔


 
ہم پر بہت ہی بابرکت رمضان کا مہینہ سایہ فگن ہونے والا ہے جس کا ہر مسلمان کو انتظار رہتا ہے ۔جس میں جنت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کردیئے جاتے ہیں سرکش شیاطین قید ہوتے ہیں رحمت الٰہی کی برسات ہوتی ہے اور مقفرت کے پروانے تقسیم ہوتے ہیں۔

ہم مسلمانوں کے لئے بڑی خوش بختی کی بات ہے کہ ماہ رمضان پھر ایک بارہمیں میسر آرہا ہےالحمد للہ۔ خوش نصیب ہیں وہ مسلمان جنہیں اللہ نے زندگی دی اور وہ اس ماہ کے فیوض و برکات سے استفادہ حاصل کرنے والے ہیں۔یہ اللہ پاک کا خاص کرم ہم پر ہے کہ جب رمضان المبارک میں کوئی بندہ ایک فرض ادا کرتا ہے تو اللہ تبارک تعالٰی اسے ستر فرض کا ثواب عطا کرتے ہیں اور جب نفل ادا کرتا ہے تو اسے ایک فرض کا ثواب دیا جاتا ہے ۔یہ مہینہ صلہ رحمی کا ہے اس مبارک مہنیہ کا پہلا حصہ رحمت ،دوسرا حصہ مقفرت اور تیسرے حصہ میں دوزخیوں کو نار جہنم سے چھٹکارا نصیب ہوتا ہے۔ یہ مہینہ صبر کا ہے اور صبر کا بدلہ جنت ہے۔روزہ کا مقصد اللہ تعالیٰ کا اپنے مومن بندہ کو بھوک و پیاس میں مبتلا کرنا نہیں ہوتا بلکہ اللہ تعالیٰ یہ دیکھنا چاہتا ہے کہ روزہ کے ذریعہ مومن بندے کتنا قریب آتےہیں ۔

روزہ کے ذریعہ روحانی طاقت عطا ہوتی ہے‘ اور جب روح پاک و صاف ہوتی ہے تو عبادات میں بھی بڑا لطف آتا ہے اور یہی عبادات اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کا ذریعہ ہیں۔
ماہ رمضان نیکیوں کو حاصل کرنے کا موسم ہے۔نمازوں کی پابندی کریں‘ نیک اعمال کریں‘ ہر قسم کی برائیوں سے بچیں تو نہ صرف جسمانی صحت بہتر رہتی ہے بلکہ چہرہ بھی نورانی ہوجاتا ہے۔ماہ رمضان میں مومن بندے جب صبر و شکر کے ساتھ کام لیتے ہیں تو وہ اپنی زندگی کے ہر قدم پرثابت قدم رہکر کامیاب و کامران ہوجائینگے۔ ان شاءاللہ

 
ماہ رمضان میں روزہ رہتے ہوئے اپنے رب کا فضل‘ رحمت‘ مغفرت اور دوزخ سے نجات حاصل کرنے کے لئے انتہائی عاجزی و انکساری کے ساتھ اللہ رب العزت سے دعائیں کرنا چاہئے۔ اللہ تعالیٰ بڑا رحم و کرم کرنے والامہربان ہے وہ ہماری دعاوں کو ضرور قبول فرمائے کا ۔ اس بہن کو بھی اپنی دعا میں یاد رکھیے گا ۔

 
آخر میں سب مسلمانوں کے لئے بدستِ دعا ہوں کہ اے اللہ ہمارے لئے رمضان کے ماہ کو بابرکت بنا ہمیں اس چیر کی توفیق عطا فرما ، جو تجھے پسند ہے اور جس سے تو راضی ہے۔پیارے نبی کے نقشِ قدم پر چلا ۔آمین
 
.